دادا کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے شہزادہ ہیری برطانیہ پہنچ گئے

09:58 AM, 12 Apr, 2021

لندن :شہزادہ ہیری اپنی اہلیہ میگھن مارکل کے بغیر دادا پرنس فلپ کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے برطانیہ پہنچ گئے۔شاہی ذمہ داریوں سے دستبرداری کے بعد گزشتہ سال ہیری امریکا چلے گئے تھے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق پرنس ہیری لاس اینجلس سے لندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ پہنچے اور اب وہ قرنطینہ کریں گے۔میگھن مارکل بھی ہیری کے ساتھ آنا چاہتی تھیں تاہم حاملہ ہونے کی وجہ سے ان کے ڈاکٹرز نے انہیں سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا۔

واضح رہے کہ 9 اپریل کو ملکہ برطانیہ کے شوہر ڈیوک آف ایڈنبرا شہزادہ فلپ 99سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔ بکنگھم پیلس کے مطابق شہزاد فلپ کچھ دنوں سے بیمار تھے۔

شہزادہ فلپ کی آخری رسومات ہفتے کوسینٹ جارج چیپل میں ادا کی جائیں گی جن میں وزیر اعظم بورس جانسن شرکت نہیں کرینگے، تدفین سے قبل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔کورونا وائرس گائیڈ لائن کے سبب جنازے میں 30 افراد کی شرکت ہی ممکن ہوسکے گی۔

مزیدخبریں