لندن : برطانیہ میں لاک ڈائون کی پابندیوں میں نرمی کے دوسرے مرحلے میں آج سے تمام دکانیں کھل جائیں گی۔ وزیراعظم بورس جانسن نے لاک ڈائون کے خاتمے کے لیے چار مرحلوں پر حکمت عملی کا آغاز کیا تھا، جس کے تحت8مارچ کو پہلے مرحلے میں اسکول کھلے تھے اور دو مختلف گھرانوں کے افراد کو گھر سے باہر ملاقات کی اجازت دی گئی تھی۔
نیو نیوز کے مطابق دوسرے مرحلے میں آج سے بازار کھلنے کے سبب طویل عرصہ کے بعد رونقیں بحال ہونگی، پابندیوں میں نرمی کے تحت ہیئر ڈریسر، بیوٹی سیلون کھل جائیں گے۔ ریسٹونٹ اور پبس میں باہر بیٹھے گاہکوں کو فوڈ اور ڈرنکس فراہم کرسکیں گے۔ رات میں کرفیو والی پابندی بھی ختم کردی گئی ہے، جبکہ جم، چڑیا گھر، تھیم پارک، لائبریریاں اور کمیونٹی سینٹرز بھی عوام کے لیے اپنے دروازے بھی کھول دیں گے۔
ایک ہی خاندان کے افراد سیلف کینٹین اکاموڈیشن ہالیڈے پر جاسکیں گے۔ انگلینڈ اور ویلز کے درمیان غیر ضروری سفر کرنا بھی ممکن ہوگا۔ شادی میں15اور جنازے میں30 افراد شرکت کرسکیں گے۔ کیئر ہومز کے رہائشی سے دو وزیٹرز ملاقات کرسکیں گے۔ ڈرائیونگ کیبن اور ٹیسٹ کا آغاز 22 اپریل سے ہوگا۔
حکومت کے روڈ میپ کے مطابق تیسرے مرحلے کا آغاز 17 مئی سے ہوگا۔ جب سماجی دوری کی متعدد پابندی ختم ہوجائیں گی ۔ریسٹورنٹ کے اندر بیٹھ کر بھی کھانا ممکن ہوگا۔ بیرون ملک تعطیلات کا آغاز بھی ہوجائے گا، جبکہ21جون سے تمام پابندیاں ختم کردی جائیں گی۔