لاہور: لاہور ہائیکورٹ میں جاتی امرا اراضی کیس میں مریم نواز کی نیب نوٹسز کیخلاف عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت آج ہوگی۔عدالت نے درخواست پر چیئرمین نیب سمیت دیگر کو نوٹس جاری کر رکھے ہیں۔
نیو نیوز کے مطابق عدالت نے مریم نواز کی عبوری ضمانت آج تک منظور کر رکھی ہے۔جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں دو رکنی بنچ مریم نواز کی درخواست پر سماعت کرے گا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اپنے وکلا کے ہمراہ دو رکنی بنچ کے روبرو پیش ہونگی۔لیگی رہنما اور کارکنان مریم نواز سے اظہار یکجہتی کیلئے ہائیکورٹ جائیں گے ۔
مریم نواز نے ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ نیب نے دو انکوائریز میں طلب کیا ہے خدشہ ہے کہ نیب گرفتار نہ کرلے ۔لہٰذا عدالت عبوری ضمانت منظور کرے اور نیب کو گرفتاری سے روکے۔ عدالت عالیہ کے دو رکنی بنچ نے مریم نواز کی دس دس لاکھ کے دو مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کر رکھی ہے اور نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج جواب طلب کیا ہے۔