اسلام آباد:پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر بے قابو ہوگئی ہے۔24 گھنٹے کے دوران مزید58 افراد جان سے گئے۔4 ہزار 584 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ مثبت کیسز کی شرح 10.29 ہوگئی۔لاہور سمیت پنجاب کے 7 شہروں میں مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز دے دی گئی۔
این سی اوسی کی طرف سے جاری تازہ ترین اعدادو شمار کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 44 ہزار514ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4 ہزار 584 افراد متاثر ہوئے۔ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح10.29 فیصدرہی۔اب تک 7 لاکھ 25 ہزار 602 مصدقہ کورونا کیس سامنے آ چکے ہیں۔اموات کی کل تعداد 15 ہزار501ہے۔
ادھر پنجاب کے بڑے شہروں میں کورونا کی صورتحال سنگین ہونے کے باعث لاہور سمیت سات اضلاع میں دوہفتے کا مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز پر غور کیا گیاہے جس کا حتمی فیصلہ پنجاب کابینہ کی انسداد کورونا کمیٹی کرے گی جبکہ تجاویز آج این سی اوسی اجلاس میں بھی پیش کی جائیں گی۔
کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا صوبہ پنجاب ہے جہاں اب تک اس موذی مرض کے ہاتھوں 6 ہزار 988 شہری جاں بحق ہو چکے ہیں۔ دوسرے نمبر پر صوبہ سندھ ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق سندھ میں مرنے والوں کی تعداد 4 ہزار 530 ہو چکی ہے۔
عالمی وبا سے متاثر ہونے والے دیگر علاقوں کی بات کی جائے تو خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 651، اسلام آباد 611، گلگت بلتستان 103، بلوچستان 215 جبکہ آزاد جموں وکشمیر کے 403 شہری موت کی وادی میں جا چکے ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق آزاد کشمیر میں 14 ہزار 594، بلوچستان میں 20 ہزار 321، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 127، اسلام آباد میں 66 ہزار 380، خیبر پختونخوا میں 99 ہزار 595، صوبہ پنجاب میں 2 لاکھ 50 ہزار 459 جبکہ سندھ میں 2 لاکھ 69 ہزار 126 کنفرم کیسز ہو چکے ہیں۔
ایکٹو کیسز کے معاملے پر بھی صوبہ پنجاب سب سے اوپر ہے۔ این سی او سی کے مطابق یہاں فعال کیسز 39 ہزار 511 تک جا پہنچے ہیں جبکہ سندھ میں اس وقت صرف 6 ہزار 792 ایکٹو کیسز ہیں۔
اس کے علاوہ خیبر پختونخوا میں 13 ہزار 92، اسلام آباد میں 12 ہزار 865، گلگت بلتستان میں 105، بلوچستان میں 731 اور آزاد کشمیر میں فعال کیسز کی تعداد 2 ہزار 170 ہے۔