پیرس:فرانس کے شہر کانز میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ڈرونز سے شہر کی سڑکوں پر جراثیم کش ادویات کا اسپرے کیا گیا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والے کورونا وائرس نے تیزی سے عالمی وبا کی شکل اختیار کرلی ہے جس سے اب تک چین سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں متاثر ہو چکے ہیں۔
اس خطرناک وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے طبی ماہرین کی جانب سے احتیاطی تدابیر بتائی جا رہی ہیں جس میں لوگوں سے دور رہنے، ماسک پہننے، باربار صابن سے ہاتھ دھونے سمیت ہینڈ سینیٹائزر کا استعمال کرنے کی تاکید بار بار کی جا رہی ہے۔
طبی ماہرین کی اسی تاکید کے پیش نظر فرانس کے شہر کانز میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ڈرونز کے ذریعے سڑکوں پر جراثیم کش ادویات کے اسپرے کیے گئے۔
واضح رہے کہ فرانس میں کورونا وائرس سے اب تک 13ہزار سے زائد اموات اور 90 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔