ممبئی :بھارتی اداکارہ جیکولین فرنینڈز کا کہنا ہے کہ کاش کورونا کی اِس مشکل گھڑی میں ان کے والدین اں کے ساتھ ہی ہوتے تو ان کو کسی چیز کی فکر نہیں ہوتی۔
کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے پوری دنیا میں لاک ڈاﺅن جاری ہے اور اِس وجہ سے ہر ایک شخص اپنے گھر میں قید ہوکر رہ گیا ہے اور بہت سے لوگ ایسے بھی ہیں جو اِس لاک ڈاﺅن کی وجہ سے اپنے پیاروں سے دور رہنے پر مجبور ہیں۔
اِن ہی لوگوں میں بھارتی اداکارہ جیکولین فرنینڈز ہیں جو کورونا کی اِس مشکل گھڑی میں اپنے والدین اور بہن بھائی سے دور رہنے پر مجبور ہیں۔
بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق جیکولین فرینڈز کا کہنا ہے کہ میں چاہتی ہوں کہ میرے والدین میرے ساتھ ہوں کیونکہ میں ان کی صحت کی وجہ سے بہت فکرمند ہوں اور اِسی طرح میرے والدین بھی میرے لیے بہت فکرمند ہیں۔
جیکولین فرنینڈز نے کہا کہ جب میں ان لوگوں کو دیکھتی ہوں جو آج اپنے والدین کے ساتھ ہیں تو میں کہتی ہوں کہ یہ لوگ کتنے خوش قسمت ہیں۔