لاہور:چنداحتیاطی تدابیر پر عمل کرنے سے ڈینگی مچھر سے بچا جا سکتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق ،ڈینگی بخار عام بخار سے زیادہ خطرناک ہوتا ہے ،ڈینگی بخار کی نمایاں علامات میں تیز بخار،سر درد،متلی،جوڑوں اور پٹھوں میں شدید درد اور ڈائریا شامل ہیں ۔
ڈینگی مچھر کے کاٹنے کے زیادہ تر حدشہ صبح سویرے یا غروب آفتاب کے وقت ہو سکتا ہےلیکن یہ کسی بھی وقت کاٹ سکتا ہے۔
ڈاکٹرز کے مطابق ،ڈینگی سے بچاﺅ کے لئے ضروری ہے کہ شام کے وقت گھر سے بلاضرورت باہر نہ نکلا جائے اور نکلنے کی صورت میں مکمل آستین والی شرٹ اور ہاتھ اور پاﺅں ڈھانپے ہوئے ہوں۔اس کے ساتھ ہی خاص طور پر بچوں کو مچھروں سے دور رکھنے والا لوشن کا استعمال لازمی کروایا جائے۔
کھڑکیاں اور دروازے شام کے وقت بند رکھے جائیں اور اس بات کا خیال رکھا جائے کہ گھر کے کسی کونے میں یا چھت پر کسی برتن میں بارش کا پانی نہ جمع ہو تاکہ وہاں مچھروں کی افزائش نسل نہ ہو۔گھر کا کوڑاکرکٹ مناسب طریقے سے ٹھکانے لگایا جائے اور پانی کی ٹینکی کی صفائی کا بھی ضاص خیال رکھا جائے۔
خیال رہے کہ عام مچھر اگر ڈینگی سے متاثرہ شخص کوکاٹ لے تو وہ مچھر بھی ڈینگی کے پھیلاﺅ کا باعث بنے گا۔
اگر کسی شخص میں ڈینگی کی علامات ظاہرہوں تو اسے فوری طور پرڈاکٹر سے رابطہ کرنا چاہیے۔