میلبورن: آسٹریلوی بلے باز کیمرون بینکرافٹ نے کہا ہے کہ بال ٹیمپرنگ پابندی کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بارے غور شروع کر دیا تھا لیکن اب میں دوبارہ بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کیلئے بے تاب ہوں۔
گزشتہ برس دورہ جنوبی افریقہ کے دوران بال ٹیمپرنگ کرنے پر کرکٹ آسٹریلیا نے بینکرافٹ پر 9 ماہ تک انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کی تھی۔ دسمبر میں پابندی کی سزا ختم ہونے کے بعد اب وہ دوبارہ کرکٹ میدانوں میں نظر آ رہے ہیں اور ان دنوں کاﺅنٹی کرکٹ میں ڈرھم کی قیادت کر رہے ہیں۔
بینکرافٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ پابندی کا عرصہ میرے لئے بہت مشکل اور چیلنجنگ تھا، مجھے دوبارہ ٹیم کی نمائندگی کا یقین نہیں تھا۔ پابندی کے دوران میں نے انٹرنیشنل کرکٹ سے کنارہ کشی کے بارے بھی سوچنا شروع کر دیا تھا لیکن سزا ختم ہونے کے بعد مجھے نئی امید ملی اور اب میں دوبارہ بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کیلئے بے تاب ہوں۔
اس وقت میں کرکٹ سے لطف اندوز ہو رہا ہوں اور مستقبل میں دوبارہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کیلئے پر جوش ہوں اور ہدف کے حصول کیلئے سخت محنت کروں گا۔
ان کا کہنا ہے کہ پابندی کی وجہ سے میں اپنی شخصیت میں بھی مثبت تبدیلی محسوس کر رہا ہوں، میں نے غلطیوں سے سبق سیکھا ہے اور اب ایک اچھا اور بہترین کرکٹر بننے کی کوشش کروں گا۔