نئی دلی: بھارت کی سستی ترین ایئرلائن 'انڈی گو' میں سفر کرنے والے ڈاکٹر کو محض اس لیے جہاز سے اتار دیا گیا کہ اس نے عملے سے طیارے میں مچھروں کی موجودگی کی شکایت کی تھی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست بنگلور سے تعلق رکھنے والے امراض قلب کے ڈاکٹر سوراب رائے لکھنؤ ایئرپورٹ پر مقامی فضائی کمپنی 'انڈی گو' کے طیارے میں بنگلور جانے کے لیے سوار ہوئے۔نشست پر بیٹھنے کے بعد انہوں نے فضائی میزبان سے جہاز میں مچھروں کی موجودگی کی شکایت کی اور کہا کہ مچھروں کے خاتمے کے لئے کچھ کیا جائے جس پر عملے نے انہیں جواب دیا کہ خاموشی سے اپنی نشست پر بیٹھ جائیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر اور فضائی میزبان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور ماحول خراب ہونے کے بعد عملے نے ڈاکٹر کو جہاز سے اتار دیا۔ڈاکٹر سوراب رائے نے بعدازاں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں انہوں نے الزام لگایا کہ فضائی میزبان نے انہیں دہشتگرد قرار دے کر جہاز سے اتارا۔
دوسری جانب معاملہ میڈیا پر آنے کے بعد فضائی کمپنی کو تفصیلی بیان جاری کرنا پڑ گیا جس میں بتایا گیا کہ مسافر کی شکایت کا ازالہ کیا جارہا تھا لیکن ڈاکٹر سوراب نے دھمکی آمیز رویہ اختیار کرنا شروع کردیا اور دوسرے مسافروں کو بھی اکسانے کی کوشش کی کہ جہاز کو نقصان پہنچایا جائے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر سوراب رائے نے 'ہائی جیک' جیسے لفظ کا بھی استعمال کیا جس کے بعد مسافروں کی سیکیورٹی کے پیش نظر انہیں طیارے سے اتارا گیا۔