'ڈانس فرمائش' پوری نہ کرنے پر ثمینہ سندھو کو گولیاں ماری گئیں

09:57 AM, 12 Apr, 2018

لاڑکانہ: صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ میں ایک تقریب میں فائرنگ سے قتل ہونے والی مقامی گلوگارہ ثمینہ سندھو حاملہ تھی جسے ایک بااثر شخص نے اپنی فرمائش پر رقص نہ کرنے پر گولیاں ماریں۔

گذشتہ روز سامنے آنے والی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ لاڑکانہ کے قریب گوٹھ کنگا میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران بعض تماشائیوں نے اچانک فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں رقاصہ ثمینہ سندھو موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی تھی۔ تاہم مقامی ذرائع کے مطابق گلوکارہ ثمینہ سندھو ایک سندھی گیت گا رہی تھی اور گیت سنتے سنتے تقریب میں موجود ایک شخص نے گن پوائنٹ پر گلوکارہ سے کہا کہ وہ کھڑی ہو کر ڈانس کرے۔

مزید پڑھیں:  کپل شرما کا نیا شو ایک ماہ کے لیے بند

اس شخص کے ہاتھ میں پستول دیکھ کر گلوکارہ کھڑی ہوئی مگر ناچنے کا حکم نہ مان سکی جس پر اس شخص نے گلوکارہ پر 3 گولیاں برسا دیں جس سے ثمینہ سندھو موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔

ڈی آئی جی لاڑکانہ عبداللہ شیخ کے مطابق ثمینہ سندھو کے قتل میں ملوث شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے جس کی شناخت طارق جتوئی کے نام سے ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ واقعے کا مقدمہ دفعہ 302 کے تحت کنگا تھانے میں درج کیا جا چکا ہے جبکہ گرفتار ملزم سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ تاہم اطلاعات ہیں کہ پولیس نے ابتدائی طور پر قتل کے واقعے کو چھپانے کی کوشش کی اور کہا کہ یہ واقعہ ہوائی فائرنگ سے پیش آیا ہے۔ ڈی آئی جی لاڑکانہ کے مطابق تقریب کے دوران بنائی گئی ویڈیوز کو بھی تفتیش کا حصہ بنایا جائے گا۔

یہ خبر بھی پڑھیں:  روس شام میں امریکی میزائلوں کے حملے کیلئے تیار رہے: ڈونلڈ ٹرمپ

ذرائع کے مطابق مقتولہ ثمینہ سندھو کے رشتہ دار غریب اور کمزور ہیں اس لیے خدشہ ہے کہ ان پر دباؤ ڈال کر معاملہ رفع دفع کرا دیا جائے گا۔ دوسری جانب مقتولہ کے شوہر کا کہنا ہے کہ ثمینہ سندھو حاملہ تھیں اور یہ دہرا قتل ہے۔ گذشتہ روز واقعے کی اطلاع ملتے ہی سندھ کے وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے واقعے کی رپورٹ طلب کی تھی۔

سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بھی واقعے کا نوٹس لے کر ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں