ون ڈے کی تازہ ترین درجہ بندی جاری ،بابر ،شعیب ،حسن اور حفیظ کی ترقی

05:28 PM, 12 Apr, 2017

دبئی: انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے تازہ ترین ون ڈے رینکنگ جاری کردی ہے جس میں کئی پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی رینکنگ پوزیشنیں بہتر کی ہیں۔ بابر اعظم ،شعیب ملک ،حسن علی اور محمد حفیظ کو ویسٹ انڈیز کیخلاف شاندار کارکردگی کا صلہ مل گیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) کی جانب سے جاری کی گئی تازہ ترین ٹیم رینکنگ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے میچز کی سیریز میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد اپنے پوائنٹس کی تعداد 90کرلی ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کے 85پوائنٹس ہیں۔قومی ٹیم کے ابھرتے ہوئے بیٹسمین بابر اعظم نے اپنے ون ڈے کیریئر کی بہترین پوزیشن پر قبضہ جماتے ہوئے 8واں نمبر اپنے نام کرلیا ہے جبکہ سیریز میں 2نصف سنچریاں سکور کرنے والے محمد حفیظ نے 6درجے ترقی کے ساتھ 20پوزیشن سنبھال لی ہے جبکہ آخری ون ڈے میں سنچری سکور کرنے والے شعیب ملک 15درجے ترقی پاکر 45ویں نمبر پر آگئے ہیں ، کپتان سرفراز احمد کو بھی 3درجے ترقی ملی ہے اور وہ اب 36ویں پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ عماد وسیم بھی 8سیڑھیاں چڑھ کر 89ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔بالرز کی رینکنگ میں حسن علی 14درجے ترقی پاکر 34ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں جبکہ محمد عامر بھی 12زینے چڑھ کر 38ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں،محمد حفیظ نے 10درجے ترقی کے ساتھ 27ویں پوزیشن اپنے نام کررکھی ہے ۔ پروفیسرآل راؤنڈر کی رینکنگ میں بھی ایک درجے ترقی پاکر دوسری پوزیشن پربراجمان ہوچکے ہیں ۔

مزیدخبریں