نئی دہلی: ایک نو سالہ بھارتی لڑکی نے مودی کے خلاف ماحولیاتی آلودگی کے لئے اقدامات نہ کرنے پر مقدمہ کردیا ہے۔ یہ مقدمہ نیشنل گرین ٹربینونل نامی خصوصی عدالت میں درج کرایا گیا ہے۔
ریدھیما پانڈے نامی لڑکی نے اپنی درخواست میں مودی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے کے لیے مناسب اقدامات کرنے میں ناکام رہی ہے۔مقدمہ نیشنل گرین ٹریبیونل یا این جی ٹی نامی خصوصی عدالت میں درج کیا گیا ہے جو ماحولیاتی تنازعات سے متعلقہ مقدمات کی سماعت کے لیے قائم کی گئی ہے۔
اب اسی عدالت میں ریدھیما پانڈے اس شکایت کے ساتھ ایک مقدمے میں حکومت مخالف فریق بن گئی ہے کہ حکومت تحفظ ماحول سے متعلق ملکی قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے میں ناکام رہی ہے۔ ریدھیما پانڈے نے این جی ٹی میں دائر کی گئی درخواست 52 صفحات پر مشتمل ہے اور اس میں کہا گیا ہے کہ درخواست دہندہ شہری ایک ایسے بھارتی باشندے کے طور پر انصاف کی خواہش مند ہے، جسے باقی تمام بھارتی شہریوں کی طرح ماحولیاتی تبدیلیوں اور ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے شدید قسم کے خطرات لاحق ہیں۔
مقدمے میں عدالت سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ حکومت کو حکم دے کہ وہ ماحویاتی تبدیلیوں کے نقصان دہ اثرات کو کم سے کم بناتے ہوئے تحفظ ماحول کے لیے سائنسی بنیادوں پر ایک مئوثر اور دیرپا حکمت عملی پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔