عزیر بلوچ کوجاسوسی کےالزام کےتحت فوج نےاپنی تحویل میں لےلیا

عزیر بلوچ کوجاسوسی کےالزام کےتحت فوج نےاپنی تحویل میں لےلیا

اسلام آباد :لیاری گینگ وار کے اہم کردار عزیربلوچ کو پاک فوج نے اپنی تحویل میں لے لیا.آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ملزم کو تحویل میں لیا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق عزیر بلوچ پر جاسوسی اور ملکی راز غیر ملکی خفیہ اداروں کو دینے کاالزام ہے ۔

 تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کے مطابق عزیر بلوچ کو پاک فوج نے آرمی ایکٹ کے تحت اپنی تحویل میں لے لیا۔ٹوئٹر پیغام میں آئی ایس پی آر کے سربراہ کا کہنا ہے عزیر بلوچ پر ملک کی جاسوسی اور غیر ملکی خفیہ اداروں کو حساس حفاظتی معلومات دینے کا الزام ہے۔

اس سے قبل گینگ وار کے مرکزی کردار کو جنوری 2016میں پاکستان رینجر ز نے گرفتار کرنے کا اعلان کیا تھا۔جبکہ عزیربلوچ پرلیاری کے مختلف تھانوں میں قتل ،اقدام قتل سمیت بھتہ خوری کے کئی مقدمات درج ہیں ۔ جن میں سے ایک مقدمے میں ملزم کو بری بھی کیا گیا تھا۔

2013میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف کراچی میں آپریشن شروع ہونے سے قبل ملزم بیرون ملک چلا گیا تھا ۔جس پر سندھ حکومت کئی بار ملزم کے سر کی قیمت مقرر کی ۔عزیر بلوچ نے لیاری میں امن کمیٹی کے نام سے تنظیم قائم کی ۔جس پر ایم کیو ایم کے مطالبے پر پیپلزپارٹی کی حکومت کے سابق وزیر داخلہ نے پابندی عائد کر دی تھی۔