بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 76ویں برسی آج عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے

10:11 AM, 11 Sep, 2024

نیوویب ڈیسک

کراچی: بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 76 ویں برسی آج عقیدت واحترام سے منائی جا رہی ہے۔

اس حوالے سے مختلف تقریبات منعقد ہوں گی جس میں بابائے قوم کو ان کی شاندار خدمات پر خراج عقیدت  پیش کیا جائے گا۔

قائد اعظم  کی برسی کے موقع پر ان کے مزار پر قرآن خوانی ہوگی۔ مزار قائد پر گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، مسلح افواج کے نمائندے،وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ، میئر سمیت سول و عسکری حکام حاضری دیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے۔

 قائداعظم نے اپنی دوراندیشی اور سیاسی مہارت سے برصغیر پاک و ہند میں مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن حاصل کیا۔انہوں نے گاندھی اور نہرو جیسے بڑے رہنماؤں کو سیاسی میدان میں مات دی اور لارڈ ماؤنٹ بیٹن کے عزائم کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہوئے۔

 انہوں نے مسلمانوں کو متحد کیا اور پاکستان کی آزادی کی تحریک کو کامیاب بنایا۔آزادی کے بعد قائداعظم نے نئے پاکستان کو ایک مضبوط اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے دن رات ایک کر دیا۔ انہوں نے اپنی زندگی کا آخری وقت پاکستان کی خدمت میں صرف کیا۔

قائداعظم کی برسی کے موقع پر ملک بھر میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ ان تقریبات میں قائداعظم کی زندگی اور کارناموں پر روشنی ڈالی جائے گی۔ سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں خصوصی پروگراموں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔قائداعظم محمد علی جناح کا انتقال 11 ستمبر 1948 کو کراچی میں ہوا تھا۔

مزیدخبریں