آپ کو کبھی مایوس نہیں کروں گا،الیکشن آج نہیں تو کل ہوں گے،پیپلز پارٹی کونا صرف سندھ بلکہ پنجاب اور دیگر صوبوں میں بھی جتوانا ہے: بلاول بھٹو زرداری

09:04 PM, 11 Sep, 2023

نیوویب ڈیسک

سکھر: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کاکہنا ہے کہ آج ہم قائد عوام کے وعدے کو پورا کرنے جارہے ہیں۔چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے سکھر میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج ہم قائد عوام کے وعدے کو پورا کرنے جارہے ہیں۔ان کاکہنا تھا کہ  آج تک قائد عوام کو انصاف نہیں ملا نہ ہی عوام کو انصاف ملا۔ جو لوگ بے گھر ہوئے تھے ان کو مالکانہ حقوق دیئے جارہےہیں۔

انہوں نے کہاکہ  وزیر اعلی اور میئر کو ہدایت دی کہ   متاثرین کوزمین اور گھر بناکر دینا ہے۔ تمام72 سو خاندان اپنی زمین  کے مالک بنیں گے۔ کچی آبادیوں کو ریگولرائز کرنا ہے انہیں مالکانہ حقوق دینے ہیں۔ غریب عوام کو مالکانہ حقوق دیے جارہے ہیں۔ اقلیتی براداری کو گھروں کے مالکانہ حقوق دیئے جارہے ہیں۔ بشیر آباد میں  بھی متاثرہ لوگوں کوگھروں کے مالکانہ حقوق دیے جائیں  گے۔ پیپلز پارٹی غریبوں کے لیے دن رات کام کرتی ہے۔  

ہمیں کہاجاتا ہےکہ پیپلز پارٹی کچھ نہیں کرتی ہاں ہم اشرافیہ اور امرا کے لیے کچھ نہیں کرتے۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے غریبوں کی مدد کی جاتی ہے۔ دل کے علاج  کے لیے سکھر میں ہسپتال قائم ہے۔ سکھر میں گردے کے علاج کا میڈیکل سنٹر کھلوادیا ہے۔ پورے پنجاب میں گردے کے علاج کے لیے ایک ہی ہسپتال ہے۔ سکھر میں کینسر کے مفت علاج کا ہسپتال بنارہے ہیں۔ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو آپ کو مسائل سے نکال سکتی ہے۔ پیپلز پارٹی کونا صرف سندھ بلکہ پنجاب اور دیگر صوبوں میں بھی جتوانا ہے۔ آپ نے قائد عوام کا ساتھ دیا اور ملک کی تقدیر بدل دی۔

انہوں نے کہاکہ ہمارا ساتھ دیں تاکہ ہم غریب دوست ، کسان دوست حکومت بنا سکیں۔ عوام تاریخی مہنگائی، تاریخی غربت کا مقابلہ کررہے ہیں۔کل ایسا نہ ہو کہ ان کے گھر گرائے جائیں اسی وجہ سے مالکانہ حقوق دینا چاہتے ہیں۔ پاکستان کے لیے نوجوان قیادت کی ضرورت ہے۔ 70 سال وہی شکلیں دیکھیں اب کسی اور کو موقع دینا چاہئے۔نوجوان کو موقع دیتے ہوتو وہ کرکے دکھاسکتے ہیں۔ آپ کو کبھی مایوس نہیں کروں گا۔الیکشن آج نہیں تو کل ہوں گے، نوے نہیں تو سو دن میں ہوں گے، سو نہیں تو120 دن میں  ہوں گے۔کوئی چاہے نہ چاہے الیکشن تو ہوں گے۔  

مزیدخبریں