چیئر مین پی ٹی آئی کی سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

10:53 AM, 11 Sep, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:  چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نےسپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔

اٹک جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی جانب سے آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت میں سائفر کیس کی سماعت میں سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر  کرا دی۔ 

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود چیئرمین پی ٹی آئی کی ان کے بچوں سے ٹیلی فون پر بات نہیں کرائی گئی۔  آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی بچوں سے ملاقات کا حکم دیا تھا۔

چیئر مین پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا کہ سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل نے کہا ملزم آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت گرفتار ہے اس لیے ٹیلی فون یا واٹس ایپ پر بات نہیں کروائی جا سکتی۔سپرنٹنڈنٹ نے کہا ملزم سے بیرونِ ملک بیٹھے بچوں سے ٹیلی فون پر بات نہیں کرواسکتے۔

سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کیخلاف توہین عدالت کی درخواست میں استدعا کی گئی کہ سپریٹنڈٹ اٹک جیل کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا جائے اور ان کے خلاف  توہین عدالت کی کارروائی کا آغاز کیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت فون پر بات کروانے میں کوئی قدغن نہیں۔ عدالت سے استدعا ہےکہ چیئرمین پی ٹی آئی کی بچوں سے ٹیلی فون، وٹس ایپ کے ذریعے بات کرانے کا حکم دیا جائے۔

مزیدخبریں