کراچی: سندھ میں گندم کی قیمت 4000 روپے فی من مقرر کردی گئی ہے۔ فیصلے کی منظوری سندھ کابینہ کی طرف سے دے دی گئی ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے نیوز بریفنگ میں بتایا کہ سندھ کابینہ نے 23-2022 کیلئے گندم پرائس 4000 روپے فی من مقرر کر دی ہے۔ مشیر زراعت منظور وسان نے کہا کہ اس وقت زمینیں ڈوبی ہوئی ہیں ۔ زمین کو نئی فصل کیلئے تیار کرنے کیلئے ہاریوں کو بڑی محنت کرنا پڑے گی۔
گندم کی اچھی سپورٹ پرائس دینے سے آبادگار نئی فصل کیلئے اپنی زمین جلد تیار کر لیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اگر اس سال گندم کی فصل نہیں ہوئی تو قحط جیسی صورتحال ہوجائے گی ۔ ہم امپورٹڈ گندم اس وقت 9000 فی من کے حساب سے خرید کرتے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم اپنے آبادگاروں کو فائدہ دینے کے بجائے دوسرے ممالک کو فائدہ پہنچاتے ہیں
انہوں نے کہا کہ تمام معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے سندھ کابینہ نے گندم کی فی من سپورٹ پرائس 4000 روپے مقرر کردی ہے۔