بابراعظم اور فخر زمان وکٹ پر ٹھہرنے کیلئے نہیں بلکہ رنز بنانے کیلئے آئیں: انضمام الحق

10:49 AM, 11 Sep, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے ایشیاءکپ کے فائنل میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور تیسرے نمبر پر آنے والے فخر زمان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ رنز بنانے کیلئے وکٹ پر آئیں۔ 
تفصیلات کے مطابق انضمام الحق نے کہا کہ سپر فور کے میچ میں پاکستان کی سری لنکا سے فائٹ نظر نہیں آئی لیکن آج ان شاءاللہ ہم پاکستان کی جیت کا جشن منائیں گے۔ میرا مشورہ ہے کہ مثبت کرکٹ کھیلیں جبکہ بابر اور فخر کو تجویز دوں گا کہ وہ وکٹ پر ٹھہرنے کیلئے نہیں بلکہ رنز بنانے کیلئے آئیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ بیٹر کو ہمیشہ رنز بنانے سے اعتماد آتا ہے، بابراعظم اور فخر زمان کو چاہیے کہ سری لنکا کے باﺅلرز پر اٹیک کریں جس سے وہ دباؤ کا شکار ہوں۔ سری لنکا کی باؤلنگ ایسی بالکل نہیں، جسے ہم کھیل نہ سکیں، اگر ہم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 170 یا 175 رنز کا مجموعہ بنایا تو ہمارے باؤلرز اس کا دفاع کر لیں گے۔ 
واضح رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) ایشیاءکپ کے فائنل میچ میں آج پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی اور یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہو گا۔ 
سپرفور مرحلے میں سری لنکا کے خلاف میچ میں آرام کرنے والے شاداب خان اور نسیم شاہ کی فائنل میچ کیلئے واپسی یقینی ہے جبکہ شاہ نواز دھانی بھی ٹیم میں واپس آ سکتے ہیں تاہم اس کا حتمی فیصلہ وکٹ کی صورتحال دیکھنے کے بعد ہی کیا جائے گا۔ 

مزیدخبریں