کابل میں کمرشل پروازیں کب سے شروع ہونگی؟ترجمان پی آئی اے نے وضاحت کر دی 

09:11 PM, 11 Sep, 2021

کراچی:پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن(پی آئی اے)نے پاکستان سے کابل کے لیے کمرشل فلائٹس چلانے کی رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کابل کے لیے پروازیں شروع ہونے میں ابھی کچھ وقت ہے۔

ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ نے جاری اپنے ایک بیان میں کہاکہ  پی آئی اے کے کابل آپریشن سے متعلق کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کابل کے لیے کمرشل پروازیں شروع کرنے کی خبر درست نہیں، پی ائی اے کابل کی عمومی پروازیں شروع کرنے کا خواہش مند ہے مگر ابھی اس میں کچھ وقت ہے اور فی الحال اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کابل میں موجود چند اداروں نے پی آئی اے سے چارٹر پروازیں چلانے کے لیے رابطہ کیا ہے اور ہم نے اس کے لیے اجازت نامے طلب بھی کر لیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پروازوں کی حتمی روانگی کے لیے کچھ انتظامات کی ضرورت ہے جو ابھی تک مکمل نہیں ہوئے ہیں۔ترجمان پی آئی اے نے مزید کہا کہ پروازوں کی روانگی سے قبل اس بارے میں مکمل معلومات فراہم کی جائیں گی اور چارٹر پروازوں کے حصول کے لیے پی آئی اے کے کابل یا اسلام آباد دفتر سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

اس سے قبل افغان سول ایوی ایشن نے پی آئی اے حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ پی آئی اے کی پہلی تجارتی پرواز 13 ستمبر کو کابل پہنچے گی اور افغان ایوی ایشن اتھارٹی نے لینڈنگ کے لیے این او سی جاری کر دیا۔بعدازاں فرانسیسی  خبر رساں ایجنسی   کے مطابق پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے کہا تھا کہ انہیں کابل کے لیے فلائٹ پریشن کے سلسلے میں تمام تکنیکی کلیئرنس مل چکی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری پہلی کمرشل فلائٹ 13 ستمبر کو اسلام آباد سے کابل روانہ ہو گی اور سروس کی فراہمی ڈیمانڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائے گی۔

مزیدخبریں