ہمارے اتحادیوں نے پنجاب میں عمران خان کو فری ہینڈ دیا ہے، بلاول بھٹو

ہمارے اتحادیوں نے پنجاب میں عمران خان کو فری ہینڈ دیا ہے، بلاول بھٹو
کیپشن: ہمارے اتحادیوں نے پنجاب میں عمران خان کو فری ہینڈ دیا ہے، بلاول بھٹو
سورس: فوٹو/ اسکرین گریب

لیہ: بلاول بھٹو نے کہا ہمارے اتحادیوں نے پنجاب میں عمران خان کو فری ہینڈ دیا ہے لیکن پیپلزپارٹی پنجاب کے عوام کو لاوارث نہیں چھوڑ سکتی۔ 

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جیالوں کو دیکھ کر بنی گالا کی چیخیں نکل رہی ہیں اور بنی گالا خوش نہیں تو ہمارے کچھ دوست بھی خوش نہیں ہیں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے دوست میدان چھوڑ چکے ہیں اور اتحادیوں نے پنجاب میں عمران خان کو فری ہینڈ دیا ہے لیکن پیپلزپارٹی پنجاب کے عوام کو لاوارث نہیں چھوڑ سکتی کیونکہ ہر روز ایک نیا معاشی بم پھٹتا ہے، کبھی بجلی تو کبھی گیس تو  کبھی پیٹرول کی قیمت میں اضافہ ہ ورہا ہے اور عوام تاریخی مہنگائی، غربت اور بیروزگاری کا مقابلہ کررہی ہے

بلاول بھٹو نے کہا غریب کے منشور پر مل کر عمل کریں گے کیونکہ ہماری پارٹی نے کسانوں اور مزدوروں کو حقوق دلوائے اور ہم عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہیں۔

گزشتہ روز رحیم یار خان میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ان کی جماعت دوستوں پر نہیں اب جیالوں پو بھروسہ کرے گی۔ ہم نے لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا لیکن کچھ دوستوں نے کہا کہ لانگ مارچ استعفے کے بغیر نہیں ہوسکتا۔ ہم اپنے دوستوں سے مطالبہ کریں گے کہ عثمان بزدار اور عمران خان کیخلاف عدم اعتماد لے کرآئیں۔

بلاول نے کہا دوست جس بات پر پیپلزپارٹی سے الگ ہوئے وہ ہی اپنے ووٹ کا استعمال کریں اور استعفیٰ دے دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اقلیت کی حکومت ہے اکثریت کی نہیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ موجودہ وزیراعظم نے ملک کے ہر شہری کو تکلیف پہنچائی ہے۔ ہماری اور عمران خان کی معاشی پالیسی میں واضح فرق ہے اور ہم نے مہنگائی کو مدنظر رکھتے ہوئے تنخواہ دار طبقے کی تنخواہوں میں بھی 120 فیصد اضافہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں پوری دنیا میں معاشی بحران تھا۔ لیکن پیپلزپارٹی نے مہنگائی کے دوران عوام کو لاوارث نہیں چھوڑا۔ پیپلزپارٹی نے مہنگائی کے دوران تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا تھا۔ وزیراعظم نے ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر دینے کا وعدہ کیا تھا۔ روزگار دینے کے بجائے لوگوں سے روزگار چھین لیا گیا اور گھر بنانے کے بجائے لوگوں سے ان کی چھت چھین لی۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مطابق عمران خان کے دور میں سب سے زیادہ کرپشن ہو رہی ہے۔ آج ملک بے روزگاری اور مہنگائی بڑھتی جارہی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے عوام سے کیے تمام وعدے پورے کیے تھے۔ لیکن آج عوام مشکل میں ہیں، دواؤں کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ ملک میں غربت بڑھ رہی ہے اور تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہو رہا۔ پیپلزپارٹی نے ہرصوبے کو اختیارات دیئے۔ آج پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور سندھ کے عوام رو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب، بلوچستان، سندھ کے عوام پس رہے ہیں اور اگر ہم عوام کی توقعات پر پورا نہیں اتریں گے تو مایوسی والی بات ہو گی جبکہ ہم جیالوں کے ساتھ ملکر خان صاحب کو بھگائیں گے اور جیالے خان کو بھگانے کے لیے تیار ہیں۔