میں زندگی بھر کرشنا کی شکل نہیں دیکھنا چاہتی، سنیتا آہوجا

05:29 PM, 11 Sep, 2021

ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار گووندا اور کامیڈین کرشنا ابھیشیک کا خاندانی جھگڑا ایک بار پھر کھل کر عوام کے سامنے آگیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کپل شرما شو کی حال ہی میں نشر ہونے والی قسط میں کرشنا نے اس وقت شرکت سے انکار کر دیا جب انہیں پتہ چلا کہ ان کے ماموں گووندا اپنے اہلخانہ سمیت پروگرام میں شرکت کریں گے۔ کرشنا ان دنوں کسی شوٹنگ میں مصروف ہیں تاہم انہوں نے ایک بیان میں یہ بھی کہا کہ گووندا اور ہماری فیملی ایک دوسرے کے ہمراہ سٹیج پر بیک وقت نہیں آنا چاہتی۔

گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے کرشنا کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ گووندا نے پچھلے سال اس بات کا فیصلہ کیا تھا کہ اپنے خاندانی مسئلے کا عوام کے سامنے تذکرہ نہیں کریں گے اور ہم نے کرشنا سے ایک فاصلہ برقرار رکھا تھا۔

گووندا کی اہلیہ نے مزید کہا کہ ہم جب بھی شو میں شرکت کرتے ہیں کرشنا پبلسٹی کیلئے ضرور ہم سے متعلق کوئی تبصرہ پیش کرتا ہے جبکہ یہ مسئلہ کبھی حل نہیں ہونے والا اور اب میں زندگی بھر کرشنا کی شکل نہیں دیکھنا چاہتی۔

واضح رہے کہ گووندا اور کرشنا کی فیملی میں کچھ عرصہ قبل اس وقت گرما گرمی کا آغاز ہوا جب کرشنا کی اہلیہ اداکارہ کشمیرہ نے پیسوں کیلئے ڈانس کرنے والے افراد سے متعلق بات کی۔ سنیتا آہوجا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے گووندا کو نشانہ بنایا ہے۔

مزیدخبریں