لاہور : اچھرہ کے علاقے میں خاتون سے نازیبا حرکات کے مرتکب ڈاکٹر کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ خاتون نے ڈاکٹر کے کلینک سے باہر نکل کر ون فائیو پر کال کردی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے اچھرہ میں ایک خاتون مقامی کلینک میں اپنے علاج کے لئے گئی تھی کہ ڈاکٹر نے چیک اپ کے دوران نازیبا حرکات شروع کردیں ۔
خاتون نے کلینک میں ڈاکٹر کی طرف سے نازیبا حرکات پر احتجاج کیا اور کلینک سے باہر نکل کر ون فائیو پر کال کردی ۔
خاتون کی کال پر مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ہو میو پیتھک ڈاکٹر کو گرفتار کرکے ساتھ لے گئی ۔
پولیس کے مطابق خاتون نے ہومیو پیتھک ڈاکٹر کے خلاف ون فائیو پر اطلاع دی تھی جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ ڈاکٹر کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کاکہنا ہے کہ خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ لاہور میں جشن آزادی کے روز مینارپاکستان میں خاتون ٹک ٹاکر سے نازیبا سلوک کے بعد اب تک متعدد واقعات سامنے آچکے ہیں جن میں خواتین کو نازیبا سلوک کا نشانہ بنایا گیا ۔