کراچی: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بند ی اسد عمر نے کہا ہے کہ2023 میں بھی وزیراعظم عمران خان ہی بنیں گے ،وفاقی حکومت کے کراچی میں پانچ منصوبے جاری ہیں، گرین لائن پراجیکٹ پر کام مکمل ہوچکا، بسیں اگلے ہفتے تک پہنچ جائیں گی، کراچی سرکلر ریلوے 43 کلومیٹر پر محیط ہوگا۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے پی ٹی آئی رہنما علی زیدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جنرل پرویز مشرف کے دور میں بھی کراچی میں بہت ترقیاتی کام ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گرین لائن شہر قائد کیلئے پہلا جدید ٹرانسپورٹ کا منصوبہ ہے جو مکمل ہوچکا ہے، بسیں آ رہی ہیں، 22 گرین لائن بس اسٹیشن مکمل ہوگئے، کراچی میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم بھی بنایا جا رہا ہے، کراچی کی بی آر ٹی کیلئے مربوط نظام تشکیل دیا ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ کراچی میں صفائی کیلئے مربوط نظام لا رہے ہیں، محمودآباد نالے پر آپریشن 100 فیصد مکمل ہوچکا ہے ۔ کراچی میں 60 کلو میٹر نئی سڑکیں بنا رہے ہیں، کراچی کے نالوں سے 11 لاکھ ٹن کچرا اٹھایا جائے گا، بلاول نے ٹھیک کہا تھا کہ جب بارش ہوتی ہے تو پانی آتا ہے، جب حکومت مؤثر کام کرے گی تو زیادہ پانی بھی گزر جاتا ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے مزید کہا کہ کراچی میں 55 سے 60 کلومیٹر سڑکیں بنائی جائیں گی، کراچی سرکلر ریلوے 43 کلومیٹر پر محیط ہے، 22 اسٹیشن بنیں گے، ساڑھے 4 لاکھ سے زائد مسافر یومیہ مستفید ہوسکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا معاشی مستقبل برآمدات سے جڑا ہوا ہے، پاکستان کی 50 فیصد برآمدات کراچی سے ہو رہی ہیں، حکومت آتے ہی وزیراعظم نے کہا بڑے کام کرنے ہیں، کابینہ کے کچھ اراکین کا کہنا تھا کراچی پر ہی اتنی توجہ کیوں دی جا رہی ہے، وزیراعظم کراچی کے سب سے بڑے چیمپئین ہیں۔