لاہور : لگاتار بارش اور سڑکوں پر کھڑے پانی کی وجہ سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا ۔
تفصیلا ت کے مطابق لاہور میں جاری کئی گھنٹوں سے بارش نے انتظامیہ کو بھی الرٹ کردیا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبائی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور واسا حکام کو کہا ہے کہ متعلقہ افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں، نکاسی آب کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، جتنی جلدی ممکن ہو سکے نکاسی آب کے کام کو مکمل کیا جائے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کی طرح آج بھی متعلقہ افسران اور سٹاف محنت سے پانی کی نکاسی کا کام جاری رکھے، ضروری مشینری کے ذریعے نکاسی آب کو وضع کردہ پلان کے مطابق متعین وقت میں یقینی بنایا جائے، نکاسی آب کے کام میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔
وزیراعلی پنجاب نے ٹریفک کی روانی کے لئے خصوصی انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی مشکلات کے ازالے کیلئے فعال انداز میں فرائض سرانجام دیئے جائیں، انتظامی افسرا ن اور واسا حکام نکاسی آب کا کام اپنی نگرانی میں مکمل کرائیں، خدانخواستہ کسی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں فی الفور امدادی سرگرمیاں شروع کی جائیں۔