اسلام آباد : وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ امید ہے برطانوی حکومت پاکستان ریڈ لسٹ میں رکھنے کے حوالے سے پالیسی پر نظرثانی کرے گی ۔اعدادوشمار سے متعلق اس کے کئی تحفظات دور کردیے ہیں ۔
وزیر اطلاعات فواد چودھری سے پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے ملاقات۔ کی ۔ وزیر اطلاعات نے برطانوی ہائی کمشنر کو مجوزہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بارے میں آگاہ کیا۔
https://twitter.com/FawadPTIUpdates/status/1436557426770300928
فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آزادی اظہار کے بنیادی، جمہوری اور آئینی حق پر کامل یقین رکھتی ہے۔ ہم پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مسودہ پر تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ اتفاق رائے پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا مقصد میڈیا کی ترقی اور موثر انتظام کے لیے مربوط نقطہ نظر کو یقینی بنانا اور میڈیا پریکٹیشنرز اور کنزیومرز کو ون ونڈو آپریشن فراہم کرنا ہے۔ حکومت فلم انڈسٹری کے فروغ کے لیے این او سی کے اجرا کے عمل کو آسان بنانا چاہتی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے امید ظاہر کی کہ برطانوی حکومت پاکستان کو ریڈ لسٹ میں رکھنے کے حوالے سے اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرے گی کیونکہ حکومت نے پاکستان میں کووڈ 19 کے اعداد و شمار کے حوالے سے برطانیہ کے کئی تحفظات دور کر دیے ہیں۔ پاکستان برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔