نائن الیون کی 20 ویں برسی

نائن الیون کی 20 ویں برسی
سورس: فائل فوٹو

واشنگٹن : امریکا کی سرزمین پر ہونے والے ہلاکت خیز ترین حملے کو آج 20 برس مکمل ہو جائیں گے۔ چند ہفتے سے افغانستان میں رونما ہونے والے واقعات نے 9/11 کی 20 ویں برسی کو کئی حوالوں سے اہم بنا دیا ہے۔ 

آج سے بیس سال قبل (11 ستمبر 2001) نائن الیون کے سانحے نے دنیا کی تاریخ بدل کر رکھ دی تھی، طاقت کے نشے میں چُور امریکہ عالمی طاقتوں کو ساتھ لے کر ایک کمزور ملک افغانستان پر چڑھ دوڑا تھا اور طالبان حکومت کو بزورِ طاقت ختم کردیاتھا ۔تاہم رواں برس جب امریکہ میں نائن الیون کی بیس سالہ یاد منائی جارہی ہوگی تووہی طالبان جنہیں امریکہ نے نیٹو اور عالمی طاقتوں کی مدد سے بزور طاقت پہاڑوں میں دھکیل دیا تھا۔

ایک مرتبہ پھر پورے جاہ و جلال کے ساتھ افغانستان کے سیاہ و سفید کے مالک ہوں گے ، ماضی کی نسبت افغانستان میں طالبان کا راج نہ صرف پہلے سے زیادہ مستحکم ہوگیا ہے بلکہ وادی پنج شیر سمیت وہ علاقے جنہیں ناقابلِ تسخیر سمجھا جاتا تھا، طالبان کی یلغار کا مقابلہ کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔

گزشتہ چند ماہ میںجنگ سے تباہ حال افغانستان میں حالات اتنی تیزی سے تبدیل ہوئے ہیں کہ دنیا دم بخود نظر آتی ہے، افغانستان سے موصول اطلاعات کے مطابق طالبان نے آخرکار ایک عبوری حکومت اور کابینہ کا اعلان کردیا ہے جبکہ افغانستان کوایک مرتبہ پھر بیس سال پراناسرکاری نام امارات اسلامیہ افغانستان دے دیا گیا ہے۔

ملا محمد حسن اخوند تحریک طالبان کے بانیوں میں سے ایک ہیں، انہیںنائن الیون کے بعد امریکہ کے کہنے پر اقوام متحدہ نے بلیک لسٹ کیا تھا، آج وہ افغانستان کی نئی حکومت کے سربراہ ہیں، اسی طرح نئے افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی آج بھی امریکی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی)کی جاری کردہ مطلوب افراد کی لسٹ میں سرفہرست ہیں، گونتانامو بے کی بدنام زمانہ جیل کاٹنے والے متعدد طالبان رہنمابھی اپنی نئی حکومتی ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں،طالبان نے فاتح پنجشیر قاری فصیح الدین بدخشانی کو چیف آف آرمی اسٹاف مقرر کیا ہے، اس اہم ترین عہدے پر ایک غیر پختون تاجک النسل کی تقرری اس امر کا ثبوت ہے کہ طالبان نے ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے میرٹ کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

افغانستان سے امریکہ کا انخلاء دنیا کی واحد سپرپاور کے زوال کا آغاز ہےجبکہ طالبان کی واپسی افغانستان میں خانہ جنگی نہیں بلکہ ملک کو متحد کرنے کا باعث بنے گی ، چند ماہ قبل یہ پیش گوئی جب ہندو ویدک علم نجوم کے ماہر ین بخشی نے مجھ سے ملاقات کے موقع پر کی تھی تو اس وقت تمام عالمی مبصرین امریکہ کے انخلا کو علاقائی امن کیلئے خطرہ قرار دے رہے تھے، اس حوالے سے افغانستان میں خانہ جنگی سمیت ہمسایہ ممالک کی طرف سےمہاجرین کی آمد کے خدشات ظاہر کئے جارہے تھے، اس وقت کے افغان صدر اشرف غنی کی امریکی صدر جوبائیڈن سے ٹیلیفونک گفتگو بتاریخ 23جولائی کی آڈیوبھی منظرعام پر آچکی ہے جس میں صدر بائیڈن امریکی حکومت کی مالی امداد سے تربیت یافتہ افغان مسلح افواج کی تعریف کرتے ہوئے اشرف غنی کا حوصلہ بڑھارہے ہیں۔ 

قبل ازیں، امریکی صدر واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران بھی طالبان کو شکست دینے میں کافی پراعتماد نظر آتے تھے، انہوں نے طالبان کی اقتدار میں واپسی کے امکان کو مکمل رد کردیا تھا۔تاہم سپر پاور امریکہ کے حکمراں سمیت عالمی تجزیہ کاروں کی رائے کے برعکس آسمانوں پر ستاروں کی چال دیکھنے والے افغانستان کا مستقبل کچھ اور ہی دیکھ رہے تھے، وہ افغانستان میں صورتحال کی جس تبدیلی کا عندیہ دے رہے تھے اس پر یقین کرنا بہت مشکل تھا، تاہم وقت نے ثابت کردیا کہ طالبان افغانستان کے طول و عرض پر تیزی سے اپنا جھنڈا گاڑتے چلے گئے۔

سوشل میڈیا پروائرل تصویر میں کابل میں واقع امریکا کے سفارتخانے کی بیرونی دیوا ر کو طالبان کے سفید پرچم سے رنگ دیا گیا ہے، کابل میں واقع امریکہ کےسفارتخانے کو دنیا کا سب سے بڑا امریکی سفارتخانہ قرار دیا جاتا تھا جو آج امریکہ کی شکست کا نوحہ پڑھتا دکھائی دیتا ہے، صحافیوں نے جوبائیڈن سے ویتنام سے امریکہ کے انخلا کی ناپسندیدہ صورتحال کے تناظر میں بطور خاص سوال پوچھا تھا جس پر جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ امریکیوں کو کبھی سفارتخانے کی چھت سے بذریعہ ہیلی کاپٹر نہیں نکالا جائے گا، لیکن وقت نے سالوں بعد وہی نظارہ ایک مرتبہ پھر دکھا دیا جب عملے کو کابل سے امریکی سفارتخانے کی چھت سے ریسکیو کرنا پڑا۔ ماہر ویدک نجوم این بخشی نے طالبان حکومت کے قیام کے بعد اپنی تازہ پیش گوئی سے آگاہ کیا ہے کہ ستاروں کی چال بدستور طالبان کے حق میں ہے۔

گزشتہ چار دہائیوں سے جنگ، خانہ جنگی اور غیرملکی تسلط کے شکار افغان عوام کی مشکلات کا طویل دور اختتام پذیر ہوا چاہتا ہے،ہندو آسٹرولوجی کے مطابق 19ستمبر سے طالبان کے زیراقتدار افغانستان کا حقیقی معنیٰ میںعروج شروع ہوجائے گا، افغان عوام نے گزشتہ عرصے میں جتنے سخت اور مشکل حالات کا سامنا کیا ہے، اب اس سے کہیں زیادہ ترقی و خوشحالی ان کی منتظر ہے، افغانستان نہ صرف اندرونی استحکام سے ہمکنار ہوگا بلکہ معاشی طور پرمضبوط اقتصادی طاقت میں ڈھل جائے گا۔

نائن الیون  کا معاملہ پہلی اور دوسری عالمی جنگ عظیم سے ہٹ کر ہے۔ دونوں جنگیں ایک مخصوص ٹائم لائن کے بعد تاریخ کا حصہ بن گئیں جبکہ امریکہ کے خلاف ہونے والے دہشت گرد حملوں کی تباہی کی بازگشت 20 برس بعد بھی سنائی دے رہی ہے۔