امارات کے بعد بحرین نے بھی اسرائیل سے امن معاہدہ کر لیا

11:39 PM, 11 Sep, 2020

واشنگٹن: متحدہ عرب امارات کے بعد ایک اور عرب ملک بحرین نے بھی اسرائیل سے سفارتی تعلقات کی بحالی کا اعلان کردیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اسرائیل اور بحرین کے درمیان ہونے والے اس تاریخی معاہدے کے بارے میں بتایا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ’آج ایک اور بڑی پیش رفت ہوئی ہے، ہمارے دو عظیم دوستوں اسرائیل اور بحرین نے امن معاہدے پر اتفاق کیا ہے، گزشتہ 30 روز میں اسرائیل کے ساتھ امن معاہدہ کرنے والا بحرین دوسرا عرب ملک ہے‘۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ ’صدر ڈونلڈ ٹرمپ، بحرین کے شاہ حماد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ اور اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کے درمیان آج مذاکرات ہوئے اور اس بات پر اتفاق ہوا کہ اسرائیل اور بحرین کے درمیان سفارتی تعلقات مکمل طور پر قائم کیے جائیں گے‘۔

مشترکہ اعلامیے میں اسے ایک بہت بڑی پیش رفت قرار دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام اور براہ راست مذاکرات کی بحالی سے مشرق وسطیٰ میں مثبت تبدیلی کا عمل تیز ہوگا اور خطے کے استحکام، سلامتی اور خوشحالی میں اضافہ ہوگا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امریکا اس معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہے، فریقین اسرائیل فلسطین تنازع کے منصفانہ، جامع اور دیرپا حل کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے تاکہ فلسطینی عوام کو ان کا جائز حق مل سکے۔

اعلامیے کے مطابق اسرائیل نے اس بات کی یقین دہانی کی ہے کہ امن کے نظریے کے تحت تمام مسلمان جو امن کے دائرے میں آئیں گے انہیں مسجد الاقصیٰ اور مقبوضہ بیت المقدس کے دیگر مقدس مقامات پر آنے اور عبادت کرنے کی اجازت ہوگی اور یہ مقامات ہر مذہب سے تعلق رکھنے والے پر امن عقیدت مندوں کیلئے کھلے رہیں گے۔

اعلامیے کے مطابق شاہ حماد اور نیتن یاہو نے خطے میں امن کے قیام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کاوشوں کو سراہا۔ تینوں ممالک نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے اسرائیل سے سفارتی تعلقات کی بحالی کے اعلان پر اماراتی ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان کی قیادت کو بھی سراہا۔

اعلامیے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بحرین کو دعوت دی کہ وہ بھی 15 ستمبر کو وائٹ ہاؤس میں اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کرے جسے بحرین نے قبول کرلیا ہے۔

15 ستمبر کو وائٹ ہاؤس ہی میں ہونے والی تقریب میں اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو اور بحرین کے وزیر خارجہ عبدالطیف الزیانی امن معاہدے پر دستخط کریں گے۔

مزیدخبریں