لاہور: موٹروے زیادتی واقعے کے بعد بالآخر پنجاب پولیس کو ہوش آ گیا۔ آئی جی پنجاب کی زیر صدارت اعلی سطح اجلاس کے بعد پنجاب پولیس نے لاہور سیالکوٹ موٹروے کا سکیورٹی کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ آئی جی پنجاب انعام غنی نے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) اور پنجاب ہائی وے پٹرول (پی ایچ پی) کی مشترکہ ٹیموں کو لاہور سیالکوٹ موٹروے پر سکیورٹی اور گشت کا حکم دے دیا۔
آئی جی پنجاب کے حکم پر ایڈیشنل آئی جی پٹرولنگ اور ڈی آئی جی ایس پی یو نے مراسلہ جاری کر کے ٹیموں کو سکیورٹی ہدایات جاری کر دیں جس کے مطابق لاہور سیالکوٹ موٹروے پر ایس پی یو اور پی ایچ پی کے 250 اہلکار گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر پٹرولنگ اور سکیورٹی فرائض سر انجام دیں گے۔
نیشنل ہائی وے اور موٹروے پولیس کی تعیناتی تک پنجاب پولیس لاہور سیالکوٹ موٹروے پر سکیورٹی ڈیوٹی سر انجام دے گی۔ ایس پی یو اور پی ایچ پی کی مشترکہ ٹیمیں تین شفٹوں میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گی۔
آئی جی پنجاب کی ہدایت پر ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی کیپٹن (ر) ظفر اقبال اور ڈی آئی جی ایس پی یو بلال صدیق کمیانہ نے جائے واردات کا دورہ کر کے ہدایات جاری کیں۔