نیویارک: جاپان کی نامور ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کی فورتھ سیڈڈ ناﺅمی اوساکا اپنی فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے رواں سال کے دوسرے گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز فائنل میں پہنچ گئیں جبکہ 28 سیڈڈ میزبان ٹینس سٹار جینیفر بریڈی سیمی فائنل میں شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔
امریکہ کے شہر نیویارک سٹی میں یو ایس ٹی اے بلی جین کنگ نیشنل ٹینس سینٹر میں کھیلے جارہے میگا ایونٹ کے ویمنز سنگلز کے سیمی فائنل میچ میں 22 سالہ جاپان کی ناﺅمی اوساکا نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے امریکہ کی جینیفر بریڈی کو شکست دیکر میگا ایونٹ کے فائنل راﺅنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ ناﺅمی اوساکا نے 2 گھنٹے اور 8 منٹ کے مقابلے کے بعد حریف امریکی کھلاڑی کو شکست سے دو چار کیا۔
22 سالہ ناﺅمی اوساکا کی فتح کا سکور 7-6(7-1)، 3-6 اور 6-3 تھا۔ ناﺅمی اوساکا کا فائنل میں کل بیلا روس کی وکٹوریہ آزارینکا سے مقابلہ ہوگا۔