جیمز اینڈرسن دنیا کے کامیاب ترین ٹیسٹ فاسٹ باؤلر بن گئے

جیمز اینڈرسن دنیا کے کامیاب ترین ٹیسٹ فاسٹ باؤلر بن گئے
کیپشن: فوٹو بشکریہ کرک بز

اوول : انگلینڈ اور بھارت کے درمیان آخری اور پانچویں ٹیسٹ میچ دو لحاظ سے یاد رکھا جائے گا ایک تو یہ الیسٹر کک کا آخری میچ تھا اور انہوں نے اس میچ کی سینچری اسکور کی جبکہ دوسرا اس میچ میں جیمز اینڈرسن نے محمد شامی کو آؤٹ کیا تو وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین فاسٹ باؤلر بن گئے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ  عظیم  فاسٹ باؤلر گلین میگرا کے پاس تھا جنہوں نے 124ٹیسٹ میچوں میں 563وکٹیں حاصل کی تھی لیکن اب یہ ریکارڈ انگلینڈ کے فاسٹ باؤلر جیمز اینڈرسن کے پاس جنہوں نے محمد شامی کے آؤٹ کرنے پر گلین میگرا کا ریکارڈ توڑ دیا اور ٹیسٹ کرکٹ میں 564 وکٹیں حاصل کر کے دنیا کرکٹ کے سب سے کامیاب فاسٹ باؤلر بن گئے ۔

جب بھارت کیساتھ سیریز کا آغاز ہوا تو جیمز اینڈرسن کو ریکارڈ توڑنے کیلئے 22 وکٹیں درکار تھیں اور امکان یہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ اینڈرسن اس سیریز کے دوران یہ ریکارڈ توڑ دیں اور انہوں نے ابتدائی تین ٹیسٹ میچوں میں 17وکٹیں لے کر اس بات کو یقینی بنادیالیکن سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ میں مایوس کن کارکردگی کے سبب ایک مرتبہ پھر ایسا محسوس ہونے لگا کہ شاید انہیں یہ ریکارڈ توڑنے کے لیے مزید انتظار کرنا پڑے۔

تاہم بھارت کے خلاف سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں انہوں نے مجموعی طور پر 5وکٹیں حاصل کر کے یہ عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ انہوں نے میچ کی آخری اننگز میں بھارتی بلے باز محمد شامی کو آؤٹ کر کے یہ عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی ٹیم کو بھی میچ میں فتح سے ہمکنار کرا کر اس تاریخی لمحے کو مزید یادگار بنا لیا۔

اب ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلرز کی مجموعی فہرست میں اینڈرسن کا چوتھا نمبر ہے جہاں ان سے پہلے تینوں نام اسپنرز کے ہیں۔ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ 800وکٹیں لینے کا عالمی ریکارڈ سری لنکن اسپنر متیاہ مرلی دھرن کے پاس ہے جبکہ اس فہرست میں دوسرا اور تیسرا نمبر آسٹریلیا کے شین وارن اور بھارت کے انیل کمبلے کے پاس ہے جنہوں نے بالترتیب 708 اور 618 وکٹیں حاصل کیں۔

خیال رہے کہ جیمز اینڈرسن نے یہ کارنامہ اپنے 143ویں میچ میں سرانجام دیا ،ان سے قبل دنیا کا کوئی فاسٹ باؤلر اتنے ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکا، جمیز اینڈرسن لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں 100 وکٹیں حاصل کرنے  کا منفرد ریکارڈ  بھی اپنے پاس رکھتے ہیں۔