وزیراعظم کا احسان مانی کی سربراہی میں سپورٹس ٹاسک فورس بنانے کا حکم

09:30 PM, 11 Sep, 2018

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کھیلوں کی تنظیموں کی کارکردگی جانچنے کے لیے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی سربراہی میں ٹاسک فورس بنانے کا حکم دے دیا۔

وزیر اعظم ہاؤس میں عمران خان کی زیر صدارت وزارت بین الصوبائی رابطہ کا  اجلاس ہوا جس میں وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا، سیکرٹری آئی پی سی جمیل احمد، چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور دیگر افسران شریک ہوئے۔

وزیر اعظم کو وزارت بین الصوبائی رابطہ کے طریقہ کار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، وزیر اعظم نے تعطل کا شکار منصوبوں کا ازسر نو جائزہ لینے کی ہدایت کی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کارکردگی نہ دکھانے والی فیڈریشنز، ایسوسی ایشنز کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، کھیلوں کے انفراسٹرکچر اور انتظامی اسٹرکچر میں ترامیم کی جائیں گی۔

 
 

وزیراعظم نے پہلے اقدام کے طور پر کھیل کے میدانوں میں اضافہ کرنے کی ہدایت کی، نیشنل انٹرن شپ پروگرام کو فعال اور مضبوط بناتے ہوئے نوجوان گریجوایٹس کیلیے پریکٹیکل ٹریننگ کے مواقع پیدا کئے جائیں گے، وزیر اعظم کو نیشنل پیرالمپک کمیٹی کی کارکردگی پر بھی بریفنگ بھی دی گئی۔
 
 

مزیدخبریں