پہلی افغان پریمیئر لیگ شاہد آفریدی آئیکون کھلاڑیوں میں شامل

پہلی افغان پریمیئر لیگ شاہد آفریدی آئیکون کھلاڑیوں میں شامل
کیپشن: فوٹو بشکریہ افغان پریمیئر لیگ ٹوئٹر

کابل : پہلی افغان پریمیئر ٹی ٹوئنٹی لیگ کی فرنچائز پکیتا نے شاہد آفریدی کو بطورآئیکون پلیئر منتخب کر لیا۔یو اے ای میں شیڈول اولین افغان پریمیئر لیگ کے ڈرافٹ گزشتہ روز مکمل ہوئے، فرنچائزز نے مختلف کیٹیگریز میں کھلاڑیوں کا انتخاب کیا، سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی کو ٹیم پکیتا نے آئیکون پلیئر چنا، برینڈن میک کولم قندھار، جارح مزاج ویسٹ انڈین اوپنر کرس گیل بلخ، افغانی لیگ اسپنر راشد خان کابل اور ویسٹ انڈین آل رائونڈر آندرے رسل ننگرہار کے آئیکون پلیئر منتخب ہوئے۔قندھار نے وہاب ریاض کو ڈائمنڈ کیٹیگری میں منتخب کیا، سلور کیٹیگری میں طویل قامت پیسر محمد عرفان اور کامران اکمل بلخ، افتخار احمد قندھار، محمد نواز بلخ ،سہیل تنویر کابل ،محمد حفیظ ننگرہار، فہیم اشرف پکتیا کا حصہ بنے۔

افغان لیگ میں بیشتر پاکستانی کھلاڑیوں کو فرنچائزز نے نظر اندازکردیا جس میں شعیب ملک،سرفراز احمد عثمان شنواری، عمران نذیر، سلمان بٹ، جنید خان، محمد سمیع، یاسر شاہ،عمراکمل، رومان رئیس ،شاہین شاہ آفریدی  ،شاداب خان اور محمد آصف شامل ہیں ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ابھی واضح نہیں کیا گیا کہ ان کھلاڑیوں کو افغان لیگ میں شمولیت کیلئے این او سی ملے گا بھی یا نہیں ۔دوسری جانب  امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ افغان لیگ کی تمام فرنچائززغیر ملکی سرمایہ کاروں نے خرید لیں،بظاہر ان کے نام تو سامنے نہیں آئے لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگ کے مالکان بھارتی ہونگے۔

واضح رہے کہ افغان پریمیئر لیگ 5 اکتوبر سے 23 اکتوبر تک شارجہ میں شیڈول ہے، ایونٹ میں 40 سے زائد غیرملکی کھلاڑی شرکت کرینگے، مختلف افغان شہروں کے نام پر 5 ٹیمیں بلخ، کابل، قندھار، ننگرہار اور پکیتا ایکشن میں نظرآئیںگی۔