کوئٹہ: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے پاک بھارت کرکٹ سیریز کی بحالی کے لیے آسان فارمولا پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین باقاعدگی سے ایشیز طرز کی سیریز ہونی چاہیے۔
کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یونس خان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ کانٹے کا مقابلہ ہوگا، اچھا کھیل پیش کرنے والی ٹیم کامیاب ہوگی۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز مستقل بنیادوں پر ہونی چاہیے، ایشیز سیریز کی طرز پر دونوں ممالک کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مد مقابل آسکتی ہیں، لیجنڈ کرکٹر ز کے نام پر بھی سیریز ہر سال یا دو برس بعد منعقد کی جاسکتی ہیں۔
پاکستان سپرلیگ کے حوالے سے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ جن ممالک نے اس طرز کے ایونٹ منعقد کیے وہاں سے ٹیلنٹ نکل کر سامنے آیا، صرف تین سال کے عرصے میں باصلاحیت نوجوان کرکٹر ز نے قومی ٹیم میں جگہ بنائی اور اپنا لوہا منوایا۔
نئی حکومت کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے یونس خان کا کہنا تھاکہ قوم کو ایک سچے لیڈر کی ضرورت ہے، ہر پاکستانی کی خواہش ہے کہ ملک ترقی کرے اور ہمیں اچھے حکمران ملیں۔ یونس خان نے ڈیموں کی تعمیر کو زبردست اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر وہ کام ہونا چاہیے جس کی ملک کو ضرورت ہے۔
قبل ازیں سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کوئٹہ میں بلوچستان کرکٹ ٹیم کے انتخاب کے لئے لگائے گئے تربیتی کیمپ کا دورہ کیا اور کھلاڑیوں کو ٹپس بھی دیں۔
دوسری جانب چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم ایشیا کپ میں بہترین کارکردگی دکھائے گی،کھلاڑی مکمل فٹ ہیں اور بھارت سمیت ہر ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات (دبئی) میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں شریک ہیں، ایونٹ کا سب سے بڑا ٹاکر 19 ستمبرکو پاکستان اور روایتی حریف بھارت کے درمیان ہوگا۔