کم جونگ کا ٹرمپ کو خط، دوبارہ ملاقات کی خواہش کا اظہار

08:19 PM, 11 Sep, 2018

واشنگٹن: شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے ٹرمپ سے ایک بار پھر ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق امریکا نے اس دعوت نامے پر کام شروع کردیا ہے، وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ سینڈرز کا کہنا ہے کہ یہ بہت جذبات سے بھرپور خط تھا، اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ شمالی کوریا جوہری ہتھیاروں کو تلف کرنے کے عزم میں سنجیدہ ہے۔

اس خط کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ دوبارہ ملاقات کی درخواست کی جائے اور اس بارے میں وقت کا تعین کیا جائے کہ یہ ملاقات کب ہوسکتی ہے۔

سارہ سینڈرز کے مطابق ہم اس درخواست کو خوش آمدید کہتے ہیں اور اس سلسلے میں ہم نے کام شروع کردیا ہے تاہم ابھی یہ نہیں بتایا جاسکتا ہے کہ یہ ملاقات کب ہوگی۔

امریکی ترجمان سارہ سینڈرز نے شمالی کوریا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ہفتے وہاں ہونے والی فوجی پریڈ جوہری ہتھیاروں کے بارے میں نہیں تھی، ٹرمپ کی پالیسیوں کی وجہ سے شمالی کوریا کے روئیے میں تبدیلی آئی ہے۔

دوسری جانب جنوبی کوریا کے صدر مون جے نے اس خبر کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کورین خطے کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنا اہم ترین معاملہ ہے جسے امریکا اور شمالی کوریا کو آپس میں بات چیت کے ذریعے ہی حل کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان کا کردار جون میں ہونے والی ملاقات میں نہایت اہم رہا تھا اور وہ خود شمالی کوریائی ہم منصب سے آئندہ ماہ ملاقات کرنے والے ہیں۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے جون میں سنگاپور میں ملاقات کی تھی تاہم اس ملاقات کے بعد سے مزید کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی ہے۔

 
 

مزیدخبریں