پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ کیس، وزیراعظم کو حاضری سے مستقل استثنیٰ مل گیا

10:11 AM, 11 Sep, 2018

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ کیس میں وزیراعظم عمران خان کو حاضری سے مستقل استثنیٰ دے دیا۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت کے خلاف 2014 میں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے اسلام آباد میں دیئے گئے 126 روزہ دھرنے کے دوران ہنگامہ ہوا اور کارکنان نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر دھاوا بھی بولا۔

اس موقع پر ریڈزون میں ہنگامہ آرائی پر مقدمہ درج کیا گیا جس میں موجودہ وزیراعظم عمران خان، نومنتخب صدر مملکت عارف علوی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر نامزد ہیں۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں آج پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل بابر اعوان پیش ہوئے اور وزیراعظم عمران خان کی حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔

بابر اعوان کا موقف تھا کہ ملزم ایک سے زیادہ ہو تو شریک ملزمان کو حاضری سے استثنیٰ مل سکتا ہے۔ اس موقع پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ عمران خان کو حاضری سے استثنیٰ دینے پر کوئی اعتراض نہیں۔ جس کے بعد انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران خان کو حاضری سے مستقل استثنیٰ دے دیا۔

عمران خان کی طرف سے بابر اعوان نے پیشی کے لیے بیان حلفی جمع کروا دیا اور کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جگہ میں پیش ہوا کروں گا۔

دوسری جانب کیس میں نامزد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، جہانگیر ترین، اعجاز چوہدری اور شفقت محمود کی جانب سے بھی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔

مزیدخبریں