نوازشریف کی نااہلی سے مسئلہ حل نہیں ہوا،سینیٹر سراج الحق

10:32 PM, 11 Sep, 2017

نیوویب ڈیسک

لاہور:  امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سرا ج الحق نے احتساب مارچ گوجر خان پہنچنے پر اپنے مختصر خطاب میں کہاہے کہ نوازشریف کی نااہلی سے مسئلہ حل نہیں ہوا۔ جب تک زرداری مشرف اور نواز دور کے بڑے بڑے ڈاکوئوں کو نہیں پکڑا جاتا ، مسائل حل نہیں ہوں گے۔ سابقہ اور موجودہ وزیروں مشیروں کے ساتھ ساتھ کرپٹ بیوروکریسی ، جرنیلوں اور ججوں کو پکڑ ا جائے اور سب کا بلاامتیاز احتساب کیا جائے۔ غربت مہنگائی بے روزگاری اور جہالت نوازشریف کے تحفے ہیں ۔ نوازشریف کے کارخانوں میں اضافہ ہوتار ہااور عوام تعلیم ، صحت اور روزگار جیسی سہولتوں سے محروم رہے۔

انہوں نے کہاکہ نوازشریف کو اللہ نے عاشق رسول ۖ ممتاز قادری کو پھانسی دینے کے جرم میں پکڑا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میں کرپشن کا خاتمہ چاہتاہوں اور حکمران اس راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ ہیں میں گوجر خان کے لوگوں سے جرگہ کرنے آیاہوں کہ آپ 20 کروڑ ہونے کے باوجود غریب کیوں ہیں ؟

انہوں نے کہاکہ سیاسی برہمن خدا بننے کی کوشش میں ہیں ۔ حکمرانوں نے برما کے مظلوم مسلمانوں کے لیے کچھ نہیں کیا ۔ وہ امریکہ بھارت اور برما سے ڈرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا  کہ الخدمت کا وفد اس وقت برما کے بارڈر پر مظلوم مسلمانوں کی مدد میں مصروف ہے جبکہ کوئی حکمران برما نہیں گیا ۔گوجر خان میں معذور افراد کے وفد نے بھی سینیٹر سراج الحق سے ملاقات کی۔ جب احتساب مارچ گوجر خان پہنچا تو زبردست آتش بازی سے مارچ کے شرکاء کا استقبال کیا گیا ۔ 

مزیدخبریں