قاہرہ: مصر کے شورش زدہ علاقے سینا میں شدت پسندوں نے گھات لگا کر پولیس قافلے پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 18 اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں، ہلاک ہونے والوں میں پولیس کا بریگیڈیئر جنرل بھی شامل ہے، پولیس قافلے پر حملہ شمالی سینا کے علاقے العریش میں کیا گیا جبکہ پولیس نے جوابی کاروائی میں 3 دہشت گرد وں کو بھی ہلاک کر دیا ہے۔
عرب میڈیاکے مطابق پیر کے روز مصر کے شورش زدہ علاقے سینا میں شدت پسندوں نے گھات لگا کر پولیس قافلے پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 18 اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں، ہلاک ہونے والوں میں پولیس کا بریگیڈیئر جنرل بھی شامل ہے، پولیس قافلے پر حملہ شمالی سینا کے علاقے العریش میں کیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ قافلے میں متعدد بکتر بند گاڑیاں شامل تھیں جنہیں پہلے سڑک کنارے نصب بم دھماکے کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔دھماکے کے نتیجے میں تین بکتربند گاڑیاں اور ایک سگنل جیمرز سے لیس گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ بعد ازاں حملہ آوروں نے مشین گن سے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی اور پولیس کی ایک وین کو اپنے ساتھ لے گئے۔
پولیس کے مطابق کہ جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد بھی مارے گئے جبکہ باقی فرار ہونے میں کامیاب رہے۔ مصری میڈیا رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں نے بیر العبد سے العریش کی جانب آنے والی مرکزی شاہراہ پر 4 دھماکا خیز مواد نصب کیے تھے۔