نیویارک:دنیا کے نمبر ایک ٹینس کھلاڑی اسپین کے رافیل نڈال نے یو ایس اوپن کے فائنل میں جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن کو باآسانی ہرا دیا۔
تفصیلات کے مطابق نیویارک میںہونے والے فائنل میں 31 سالہ نڈال نے 6-3، 6-3 اور 6-4 سے کامیابی حاصل کی۔انہوں نے تیسری مرتبہ امریکی اوپن چیمپیئن شپ جیتی ہے اور یہ ان کا مجموعی طور پر 16واں گرینڈ سلام ٹائٹل ہے۔
نڈال کے پاس اب10 فرنچ اوپن، 3 یوایس اوپن، 2 ومبلڈن اور ایک آسٹریلین اوپن کے اعزاز ہیں۔فائنل جیتنے کے بعد نڈال نے کہا کہ رواں سال جو ہوا وہ ناقابل یقین ہے۔ کئی برسوں کی پریشانیوں، انجریز اور بعض اوقات خراب کھیل کے بعد رواں سال کی ابتداءسے ہی یہ جذباتی سیزن رہا ہے۔
انھوں نے اپنے چچا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے کوچنگ میں جو کچھ میرے لئے کیا میں اس کا اچھی طرح شکریہ بھی ادا نہیں کر سکتا۔ شاید ان کے بغیر میں کبھی ٹینس نہیں کھیلتا۔ یہ بڑی بات ہے کہ ان جیسا کوئی تھا جو ہمیشہ مجھے آگے بڑھاتا رہا۔رافیل نڈال نے اسی سال جون میں فرنچ اوپن بھی جیت تھا۔
4سال بعد انھوں نے ایک ہی سیزن میں2گرینڈ سلام حاصل کئے ہیں۔
رنر اپ کیون اینڈرسن نے نڈال کو اپنا آئیڈیل قرار دیا اور انھیں ٹینس کے عظیم ترین سفیروں میں سے ایک کہا۔کیون اینڈرسن نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ ہم دونوں ہم عمر ہیں لیکن آپ انتہائی سخت حریف ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ میں نے ساری زندگی آپ کو کھیلتے ہوئے دیکھا ہے۔