لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کرکٹ میں ہماری رینکنگ اچھی ہے ورلڈ الیون کے خلاف سیریز جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں 'آزادی کپ' ٹرافی کی تقریب رونمائی کا انعقاد کیا گیا جس میں ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈپلوسی اور قومی ٹیم کے قائد سرفراز احمد نے ٹرافی کی رونمائی کی۔آزادی کپ ٹرافی کی تقریب رونمائی کے بعد پریس کانفرنس کے دوران سرفراز احمد نے کہا کہ ورلڈ الیون کے خلاف قومی ٹیم کی قیادت کرنے پر بہت خوش ہوں اور کل شائقین کو اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ احمد شہزاد سمیت کئی سینیر کھلاڑیوں کا اچھا کمبی نیشن بنےگا اور ورلڈ الیون کے خلاف میچز کے لیے سب ہی پرجوش ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ چیمپینز ٹرافی جیتنے کے بعد ہمارے اعتماد میں بہت اضافہ ہوا لیکن اس کے ساتھ ذمہ داری بھی بڑھ گئی ہے اور کوشش ہوگی کہ مخالف ٹیم کو ٹف ٹائم دے کر ایونٹ میں کامیابی حاصل کریںگے۔انکا کہنا تھا کہ محمد عامر ٹیم میں شامل نہیں ہیں لیکن ہمارے پاس متبادل کھلاڑی موجود ہے ۔
سرفراز احمد نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں کوئی ٹیم بڑی نہیں ہوتی جو اچھا کھیلتی ہے وہ فاتح بنتی ہے اور محدود اوورز کی کرکٹ میں ہماری رینکنگ اچھی ہےکوشش ہوگی کہ پوزیشن برقرار رکھیں۔
انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلتے دیکھنے کے لئے شائقین پرجوش ہیں اور کل شام سات بجے دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ ہوگا۔