واشنگٹن :جاپان کی ائیر سیلف ڈیفنس فورس اے ایس ڈی ایف نے کہاہے کہ جاپانی ایف15 لڑاکا طیاروں نے ہفتہ کو امریکہ کے بی ون بی بمبار طیاروں کے ساتھ مل کر مشرقی بحیرہ چین کے اوپر فضائی مشقیں کیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکہ اور جاپان کی یہ مشترکہ فضائی مشقیں ایک ایسے وقت ہوئی ہیں جب جنوبی کوریا کو شمالی کوریا کی طرف سے اس کے یوم تاسیس کے موقع پر مزید میزائل تجربات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق ان فضائی مشقوں میں حصہ لینے والے امریکہ کے دو بی ون بی لانسر بمبار طیاروں نے بحر الکاہل میں واقع امریکی جزیرے گوام کے فضائی اڈے سے پرواز کی اور بعد ازاں دو جاپانی ایف۔15 لڑاکا طیارے بھی ان کے ساتھ شامل ہو گئے ۔
شمالی کوریا نے چند دن پہلے اپنے چھٹا اور سب سے بڑا جوہری تجربہ کیا جس کی وجہ سے عالمی تجارتی منڈیوں کو دھچکا لگا اور خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا۔
واضح رہے کہ 31 اگست کو شمالی کوریا کی طرف سے شمالی جاپان کے اوپر میزائل داغے جانے کے دو دن کے بعدجاپان کے ایف۔15 لڑاکا طیاروں نے امریکہ کے بی ون بی بمبار اور ریڈار پر نظر نا آنے والے ایف۔35 لڑاکا طیاروں کے ساتھ جزیرہ نما کوریا کی جنوبی فضاﺅں میں فضائی مشقیں کیں۔