ورلڈ الیون میں پھٹیچر کھلاڑی نہیں، بہترین کھلاڑی آ رہے ہیں، احسن اقبال

02:30 PM, 11 Sep, 2017

کراچی: بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 69ویں برسی کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہمیں قائد اعظم کے وژن کو دوبارہ زندہ کرنا ہے کیونکہ وقت آ گیا ہے ملک کو اس جانب لے کر جائیں جسکا خواب قائداعظم نے دیکھا تھا۔ ملک میں دہشت گردی اور فرقہ واریت کے واقعات میں کمی آئی ہے اور دہشتگرد سوشل میڈیا پر نوجوانوں کو ورغلانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن انہیں ان کے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کراچی کو رینجرز نے امن کا گہوارہ بنایا ہے اور اب شہر میں امن قائم ہو گیا ہے ورنہ روزانہ لاشیں گرتی تھیں جبکہ 2013 کے پاکستان میں 20، 20 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی لیکن اب ایسا نہیں اور پوری دنیا پاکستان کی کامیابیوں کو تسلیم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان کو بیرونی خطرات لاحق ہیں جسکا مقابلہ باہمی اتحاد سے کیا جا سکتا ہے اور 21 ستمبر کو تعلیمی اداروں میں نوجوانوں کو امن کے موضوع پر آگاہی دینے کا کہا ہے جبکہ تعلیمی ادارے بھی اپنے طور پر طالبعلموں پر نظر رکھیں۔

وزیر داخلہ نے لاہور میں ہونیوالے آزادی کپ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ورلڈ الیون میں پھٹیچر کھلاڑی نہیں بہترین کھلاڑی آ رہے ہیں اور پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی خوش آئند ہے کیونکہ اس طرح کے ایونٹ سے پاکستان کی کرکٹ اور زیادہ مضبوط ہو گی۔

 وزیر داخلہ  نے کہا بہت جلد انٹر نیشنل کھلاڑیوں کو کراچی لیکر آئیں گے کیونکہ پاکستان کو مثبت سوچ کے ساتھ ایشیا کا ٹائئگر بنانا ہے اور پاکستان کے نوجوانوں کو ہر میدان میں آگے لائیں گے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں