منامہ:امت دشمنوں کے خلاف اور سعودی عرب کے ساتھ ہیں،خلیجی ریاست بحرین کے وزیرخارجہ الشیخ خالد بن احمد آل خلیفہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک امت دشمنوں، دہشت گردی کے مدد گاروں، دہشت گرد تنظیموں کے ایجنٹوں اور شیاطین کے حامیوں کے خلاف سعودی عرب کے شانہ بہ شانہ کام کرتا رہے گا۔
عرب ٹی وی کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ’ٹوئٹر‘ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں الشیخ خالد بن احمد آل خلیفہ نے کہا کہ قطر کا بائیکاٹ کرنے والے چاروں ملکوں بحرین، سعودی عرب، مصر اور امارات نے دوحہ کو فوجی کارروائی کی کوئی دھمکی نہیں دی اور نہ ہی آئندہ ایسا کوئی امکان ہے۔
تاہم بائیکاٹ کرنے والے ملکوں نے واضح کردیا ہے کہ وہ خطے کی اقوام کو کسی خطرے سے دوچار کرنے کی کسی صورت میں اجازت نہیں دی جائے گی۔خیال رہے کہ سعودی عرب نے ہفتے کے روز قطرکے ساتھ ہرقسم کے مذاکرات اس وقت تک معطل کردیئے تھے جب تک دوحہ دہشت گردی کی معاونت سے متعلق اپنا موقف اعلانیہ واضح نہیں کرتا۔