ٹیکساس: امریکی ریاست ٹیکساس کے شمالی علاقے پلانوں میں قائم ایک مکان میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں حملہ آور سمیت 8 افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق واقعہ مشرقی شہر ڈولاس سے 20 کلومیٹر کے فاصلے پر ایک علاقے میں پیش آیا۔ پولیس ترجمان ڈیوڈ ٹیلے کا کہنا تھا کہ پولیس نے فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پہنچ گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب پہلا پولیس آفیسر متاثرہ مکان میں داخل ہوا تو اس نے مبینہ حملہ آور کو دیکھ کر اسے ہتھیار ڈالنے کو کہا جس کے بعد پولیس آفیسر نے فائرنگ کر دی۔ترجمان نے بتایا کہ پولیس آفیسر کی فائرنگ سے مبینہ حملہ آور ہلاک ہو گیا جبکہ واقعے میں دیگر دو افراد زخمی بھی ہوئے۔ تاہم ان زخمیوں کی حالت کے حوالے سے تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے میں ہلاک ہونے والے افراد اور مبینہ حملہ آور کی شناخت نہیں ہو سکی جبکہ تمام مقتولین اور زخمی ہونے والے افراد بالغ معلوم ہوتے ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاہم واقعے کے محرکات کے حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ خاموش ہمسایوں کی موجودگی میں اس قسم کا واقعہ پلانوں کے لیے غیر معمولی بات ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں