اسلام آباد :تحریک انصاف نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کے موقع پر بھرپور احتجاج کی کال دی ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ایک طویل عرصے بعد بہت اہم انٹرنیشنل اجلاس ہو رہا ہے جس میں ایک درجن سے زیادہ ممالک کے صدور اور وزرا اعظم شریک ہو رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس اجلاس میں تقریبا 900 وفود اسلام آباد میں موجود ہوں گے۔علاوہ ازیں 200 انٹرنیشنل میڈیا ارکان بشمول بھارتی میڈیا موجود ہوں گے۔ ایسے نازک مرحلے پر اسلام آباد پر ایک اور چڑھائی نا صرف قابل قبول ہے بلکہ انتہائی قابل مذمت بھی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس اعلان سے ظاہر ہوتا ہے کہ تحریک انصاف یا تو کسی کے اشارے پر عمل کر رہی ہے یا کھلم کھلا ملکی مفاد کے خلاف کام کر رہی ہے۔تحریک انصاف کا ایجنڈا کیا ہے؟۔یاد رہے کہ اسلام آباد میں 15 اور 16 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس ہو رہا ہے،غیر ملکی سفارتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی سرگرمیوں کو ریڈ زون اور ڈپلومیٹک انکلیو تک محدود رکھیں۔
دفتر خارجہ کے خط میں غیر ملکی سفارتکاروں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ ایس سی او اجلاس کے دوران غیر ملکی سفارتی مشنز ٹریفک پولیس کے جاری ٹریفک پلان کو فالو کریں۔سربراہی کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں اسلام آباد اور راولپنڈی میں سکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
12 سے 16 اکتوبر تک شادی ہال، کیفے، ریسٹورنٹ اور سنوکر کلب بند کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔پولیس نے تاجروں، ہوٹل اور ریسٹورنٹ مالکان کو نوٹسز جاری کردیے ہیں جبکہ تاجروں، ہوٹل مالکان سے شیورٹی بانڈز طلب کیے گئے ہیں۔جڑواں شہروں میں 14 سے 16 اکتوبر تک عام تعطیل کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔