اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نمبرز پورے ہیں تاہم حکومت تمام جماعتوں سے مشاورت چاہتی ہے۔اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نمبرز پورے ہیں تاہم حکومت تمام جماعتوں سے مشاورت چاہتی ہے۔
چیئرمین پی پی پی کا مزید کہنا تھا اپوزیشن جماعتوں نے بھی آئینی ترمیم پر تبصرہ کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر متفقہ مسودہ تیار کرنے کا عزم دہرایا۔ امید ہے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ بامعنی گفتگو ہو گی۔
پیپلز پارٹی کا مسودہ ہم نے کمیٹی میں پیش کیا، آئینی عدالت اور ججوں کے تقرر کے طریقہ کار کے حوالے سے وکلاء تنظیموں کا موقف پیش کیا گیا جبکہ حکومت نے بھی اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے یہ ڈرافٹ حکومت کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں کے سامنے پیش کیا، اس کے علاوہ حکومت نے جو وکلاء سے بحث کی اس کے نکات بھی اس کمیٹی میں پیش ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم صرف مخالفت برائے مخالفت نہیں کرنا چاہتے، وزیر قانون پر بڑی تنقید ضرور ہوئی کہ آپ نے سب کے ساتھ اتفاق رائے قائم کرنے کی کوشش نہیں کی لیکن وفاقی حکومت بہت پر اعتماد ہے کہ ان کے پاس نمبر گیم ہیں۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ وزیر قانون نے بتایا کہ ان کے پاس دو تہائی اکثریت موجود ہے مگر وہ تمام سیاسی جماعتوں سے اس معاملے پر اتفاق رائے کے لیے یہاں بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومت نے مکمل وقت دیا اور ستمبر سے ہم اس پر کوشاں ہیں، اگر مکمل اتفاق رائے نہ ہوا تو حکومت کب تک انتظار کرے گی؟، ابھی تک صرف پیپلز پارٹی کا مکمل مسودہ سامنے آیا ہے جے یو آئی کا مسودہ ابھی تک ہمیں نہیں ملا ۔