راولپنڈی : پنجاب حکومت نے ایس سی او اجلاس کے پیش نظر راولپنڈی میں 8 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ 17 اکتوبر تک کیا گیا ہے، اس کا مقصد شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس کو محفوظ بنانا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد ہو گی۔اس کے علاوہ راولپنڈی کی حدود میں ڈبل سواری ، ہوائی فائرنگ ، کبوتر بازی، ڈرون اڑانے اور لیزر لائٹس کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر کیا گیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔