داسو حملے کے ماسٹر مائنڈ 2 دہشت گرد ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

11:42 AM, 11 Oct, 2024

نیوویب ڈیسک

ساہیوال  :  ساہیوال جیل سے  داسو حملے کے ماسٹر مائنڈ  سمیت 5 دہشت گردوں کو منتقل کرتے ہوئے سی ٹی ڈی پو لیس پر حملہ ہوا ۔

حملے کی نتیجے میں داسو ہائیڈل پاور پراجیکٹ حملے کے ماسٹر مائنڈ 2دہشت گرد فرار ہونے کی کوشش میں مارے گئے جبکہ باقی تین ساتھی الگ جیل وین میں موجود ہونے کی وجہ سے محفوظ رہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق داسو حملے کے ماسٹر مائنڈ سمیت پانچ دہشت گردوں کو تھریٹ الرٹ کی بنیاد پر ساہیوال جیل سے منتقل کیا جارہا تھا کہ  دوران منتقلی سمندری روڈ کے قریب نامعلوم دہشت گردوں نے داسو حملے میں ملوث ساتھیوں کو چھڑوانے کے لیےحملہ کر دیا۔ 

  

ترجمان کا کہنا ہے کہ حملے کے نتیجے میں دہشت گرد محمد حسین اور ایاز اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے جبکہ سی ٹی ڈی اور ضلع پولیس کے  اہلکار فائرنگ کے دوران بال بال بچ گئے۔فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے ۔

حکام نے بتایا کہ داسو حملے میں ملوث دہشت گردوں کو عدالت سزائے موت سنا چکی تھی۔

یاد رہے کہ 14 جولائی 2021 کو داسو حملےمیں 9 چائنیز سمیت 13 افراد ہلاک جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

مزیدخبریں