اسلام آباد:حکومت پاکستان کی جانب سے قانونی دستاویزات رکھنے والے افغان شہریوں کو پاکستان میں عارضی رہنے کی اجازت دینے کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پی او آر یا اے سی سی کارڈ رکھنے والے افغان مہاجرین پاکستان میں قیام کر سکتے ہیں۔ قانونی دستاویزات رکھنے والے افغان مہاجرین کو تحفظ حاصل ہو گا۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ کے آئندہ فیصلے تک رجسٹرڈ افغان مہاجرین عارضی قیام کر سکتے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو گرفتار نہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزارت سرحدی و ریاستی امور نے کہا تھا کہ قانونی دستاویزات کے حامل افغان مہاجرین کو جبری واپس نہ بھیجا جائے۔ وزارت سیفران کا کہنا تھا کہ پروف آف رجسٹریشن اور افغان سٹیزن کارڈ والوں کو عارضی طور پر رہنے کی اجازت ہے۔