پنجاب کابینہ میں وزرا کے قلمدان تبدیل کئےجانے کا امکان

11:17 PM, 11 Oct, 2022

لاہور : پنجاب کابینہ میں وزرا کے قلمدان تبدیل کئےجانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق  یاور عباس بخاری کو  وزیرداخلہ پنجاب بنایا جاسکتا ہے ۔وزارت کے امیدواروں میں  سردار محسن لغاری اور میاں اسلم اقبال بھی شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق  چیئرمین تحریک انصاف عمران خان  12 اکتوبر کو  لاہور کا ایک روزہ دورہ کریں گے ،عمران خان کابینہ اراکین اور پارٹی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے ، وزیر داخلہ پنجاب کیلئے پارٹی کے سینئررہنماؤں سے مشاورت  بھی کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  وزیر خزانہ سردار محسن لغاری کا قلمدان بھی تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔  اس کے علاوہ پنجاب کابینہ میں کچھ نئے وزرا  کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے ۔ چئیرمین عمران خان پارٹی سنئیر رہنماؤں سے مشاورت کے بعد پنجاب میں اہم فیصلے کریں گے۔ عمران خان پارٹی  کے  وزراء اور رہنماؤں کے وزیراعلی پنجاب کے حوالے سے تحفظات بھی دور کریں گے ۔

 واضح رہے کہ اسلام آباد کے  پنجاب ہاؤس میں گزشتہ ہفتے ہونے والے اجلاس میں کچھ رہنماؤں نے وزیراعلی پنجاب کے خلاف تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ اس حوالے سے  چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے پارٹی رہنماؤں  کے تحفظات دور کروانے کی یقین  دہانی کروائی گئی تھی ۔   

مزیدخبریں