وزیر داخلہ پنجاب کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر کے استعفیٰ دینے کے پیچھے کی اصل کہانی سامنے آگئی ۔ پی ٹی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہاشم ڈوگر کو پنجاب میں 25 مئی کو تشدد میں ملوث ذمہ داران کے خلاف ایکشن کا ٹاسک سونپا گیا تھا۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر نے قیادت کو بطور صوبائی وزیر داخلہ پنجاب 25 مئی کے واقعات میں ملوث ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کروائی تھی۔
زرائع کا کہنا ہے کہ کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر 25 مئی واقعات میں ملوث ذمہ داران کے خلاف کارروائی میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے تھے۔ پی ٹی آئی اراکین اسمبلی بھی قیادت سے کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر کی کارکردگی پر تحفظات کر چکے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے زرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر سے ناخوش تھے۔ پی ٹی آئی کارکنان نے بھی سوشل میڈیا پر ہاشم ڈوگر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ وزیر داخلہ پنجاب کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر نے وزارت سے استعفی دے دیا ہے. ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے ذاتی وجوہات اور صحت کے معاملات کی وجہ سے پر استعفیٰ دیا ہے ۔ وہ تحریک انصاف کے ورکر کے طور پر کام جاری رکھیں گے ۔